پوری اسلامی دنیا کے ساتھ روابط میں کامیابی

حضرت امام ہادی علیہ السلام اور حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کو اسی شہر سامرہ میں رکھا گیا تھا جو درحقیقت ایک بیرک (فوجی چھاؤنی)تھا اور «سُرّ من رأی» کے نام سے موسوم یہ شہر، اتنا بڑا شہر نہیں تھا، یہ ایک نیا بنایا ہوا دارالحکومت تھا جس میں حکومتی عہدیداران اور سربراہان مملکت اور ملازمین کے علاوہ روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عام لوگوں کی ایک تعداد وہاں جمع ہوئی تھی۔ «سُرّ من رأی» یا سامرا، بغداد کے بعد ایک نیا بسایا گیا شہر تھا۔ اس شہر میں اتنی سختی کے باوجود حضرت امام ہادی علیہ السلام اور حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام، پوری اسلامی دنیا کے ساتھ تمام تر روابط کو منظم اور برقرار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ولی امر مسلمین امام سید علی خامنہ ای
10مئی 2003