دنیا کی وہ قابض قوّتیں جن کی بقا کا دارومدار، دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں دخل اندازی کرتے ہوئے اپنے مذموم مقاصد کے لیے، اُن کے بنیادی منافع کو پائمال کرنے پر ہے، وہ انقلابی اور اسلامی ایران کے سامنے اپنی ناتوانی اور عجز کا اعتراف کر چکی ہیں۔ ایرانی قوم کے لیے انقلاب کی حیات بخش فضا میں ہی یہ ممکن ہو سکا کہ سب سے پہلے امریکہ کے پٹّھو اور ایرانی قوم سے غدّاری کرنے والے عنصر (یعنی شاہ) کو اِس ملک سے نکال باہر کرے اور اُس کے بعد آج تک اِس ملک پر اُن ظالم و جابر حکمرانوں کے تسلط کی پوری طاقت اور شدّت سے روک تھام کرے۔